اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مشتعل کارکنوں نے مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے سر پر جوتا دے مارا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما احسن اقبال پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران پی ٹی آئی کارکنان نے ان کے سر پر جوتا دے مارا۔
تفصیلات کے مطابق نون لیگی رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید نعرہ بازی کی، تصادم کی صورتحال کے دوران مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جبکہ احسن اقبال کی جانب اچھالا گیا جوتا ان کے سر پر لگا۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں اور مصدق ملک کے درمیان دھکم پیل اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔
واضح رہے کہ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ان غنڈوں کوبتانا چاہتا ہوں ان ہتھکنڈوں سے ہماری آواز نہیں دباسکتے، فاشزم کی سیاست نہیں چلے گی، ہر فورم پر مقابلہ کریں گے، عمران خان کو رخصت کیے بغیر ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔