کراچی (پاک صحافت) مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لئے مسلسل کام جاری ہے، بہت جلد شہر کی تمام سڑکیں مکمل بحال ہوجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع جنوبی میں مختلف سڑکوں پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بارشوں سے تباہ ہونے والی سڑکوں کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ میٹروپول ہوٹل کے اطراف کی سڑکوں کی مرمت کی جارہی ہے۔
مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ شہر بھر میں سڑکوں کی مرمت کی جارہی ہے، دو تلوار کے اطراف اور ضلع وسطی میں بھی کام جاری ہے۔ بلدیہ عظمی کراچی اور تمام ڈی ایم سیز کی زیر نگرانی مرمتی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہر کو ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، بہت جلد شہر کی تمام سڑکیں مکمل بحال ہوجائیں گی۔