اسلام آباد (پاک صحافت) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی مذمت کی ہے۔ ان واقعات سے متعلق اپنے بیان میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔ نگراں وزیراعظم نے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں اور چیف سیکریٹری بلوچستان سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ علاوہ ازیں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے بھی قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی ف کے دفتر کے باہر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ شہدا کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الیکشن سے پہلے شرپسند افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں، شرپسند عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں۔