گوگل میپس کے صارفین کو عجیب مشکل کا سامنا

گوگل میپس

(پاک صحافت) گوگل میپس کے صارفین کو آج کل ایک عجیب مشکل کا سامنا ہے کیونکہ ان کی ٹائم لائنز پراسرار طور پر غائب ہو رہی ہیں۔ ابھی یہ معلوم نہیں کہ اس مسئلے کا حل کیا ہے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ٹائم لائن مستقل طور پر غائب ہوگئی ہے یا یہ کوئی عارضی مسئلہ ہے۔

پہلے تو خیال کیا جا رہا تھا کہ ایسا گوگل میپس میں ہونے والی ایک بڑی تبدیلی کی وجہ سے ہو رہا ہے یعنی کمپنی کی جانب سے گوگل میپس ٹائم لائن کو کلاؤڈ سرورز سے صارفین کی ڈیوائسز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس تبدیلی کے تحت اگر صارفین طے شدہ تاریخ تک نئی سیٹنگز میں تبدیلیاں نہ کریں تو ان کی تمام ٹریول ہسٹری ڈیلیٹ ہو جائے گی۔

مگر 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق ٹائم لائن غائب ہونے کا مسئلہ گوگل کی جانب سے کی جانے والی تبدیلی کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ تکنیکی خرابی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسے افراد بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں جو ٹائم لائن میں آنے والی تبدیلیوں کے حوالے سے بیک اپ بناچکے ہیں اور اب پرانے بیک اپ کو ری اسٹور نہیں کر پارہے۔

رپورٹ کے مطابق کچھ صارفین کے مطابق گوگل سپورٹ نے اس مسئلے کا ذمہ دار گوگل ون کو قرار دیا ہے اور کمپنی کی جانب سے اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ مگر اب تک بظاہر کمپنی کی جانب سے کوئی حل جاری نہیں کیا گیا جس سے صارفین کی ٹائم لائنز واپس آسکیں۔ ابھی تمام صارفین کو اس مسئلے کا سامنا نہیں ہوا اور ڈیوائسز میں موجود گوگل میپس ٹائم لائن بظاہر محفوظ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے