(پاک صحافت) گوگل نے اپنی مقبول سروس میپس میں ایک دلچسپ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے حالیہ مہینوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو متعدد سروسز کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اب یہ کمپنی گوگل میپس کے لیے ایک اے آئی چیٹ بوٹ کو متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل میپس کے بیٹا (beta) ورژن میں موجود کوڈ سے اے آئی چیٹ بوٹ کے اضافے کا اشارہ ملتا ہے۔ مگر ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ کس طرح کام کرے گا اور اس سے صارفین کو کیا مدد ملے گی۔ البتہ رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا کہ اس چیٹ بوٹ سے گوگل میپس میں ریویوز اور کمنٹس پوسٹ کرنے میں مدد مل سکے گی۔ ایک امکان یہ ہے کہ اس چیٹ بوٹ کی جانب سے صارفین کو مختلف جگہوں کی سیر کے حوالے سے مشورے دیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے اس چیٹ بوٹ کے بارے میں ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2023 میں گوگل میپس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی کئی فیچرز کا اضافہ کیا گیا تھا، جو آنے والے مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ میپس میں سرچ کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے مخصوص جگہوں یا چیزوں کی تلاش آسان ہو جائے۔