کیلیفورنیا (پاک صحافت) ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس کا پہلے سے زیادہ بہتر ورژن 12 دسمبر کو دوبارہ متعارف کرایا جارہا ہے۔ تاہم اس بار خاص بات یہ ہے کہ ایپل صارفین کے لیے ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس 11 ڈالرز (2473 پاکستانی روپے) جبکہ ویب ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے 8 ڈالرز (1798 پاکستانی روپے) ماہانہ میں دستیاب ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر بلیو کے اپ ڈیٹ ورژن میں صارفین اپنی ٹوئٹس ایڈٹ کرسکیں گے، 1080p ریزولوشن والی ویڈیوز اپ لوڈ جبکہ اکاؤنٹس پر ویری فائیڈ کا بلیو چیک حاصل کرسکیں گے۔ یہ اعلان ٹوئٹر کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کیا گیا مگر اس میں وضاحت نہیں کی گئی کہ ایپل صارفین دیگر کے مقابلے میں سبسکرپشن سروس کے لیے زیادہ فیس کیوں ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی وجہ ایپل ایپ اسٹور کی 30 فیصد فیس سے ہونے والے نقصان سے بچنا ہے۔ خیال رہے کہ ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو کم اشتہارات دکھائے جائیں گے جبکہ وہ زیادہ طویل ویڈیوز پوسٹ کرسکیں گے۔