کیلیفورنیا (پاک صحافت) امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے انجینوئیٹی ہیلی کاپٹر نے مریخ پر اپنی 25 ویں پرواز مکمل کر لی ہے۔ یاد رہے کہ 8 اپریل کو 1.8 کلو گرام وزنی ڈوئل روٹر ہیلی کاپٹر ناسا کی جیٹ پروپلژن لیبارٹری میں انجینوئیٹی ٹیم کے بنائے گئے منصوبے پر عمل درآمد کرنے کے لیے مریخ کی سرزمین پر اڑا۔
تفصیلات کے مطابق اس پرواز میں ہیلی کاپٹر نے 5.5 میٹر فی سیکنٹ کی رفتار سے 704 میٹر کا فاصلہ طے کیا اور جیزیرو گڑھے میں خشک دریائی ڈیلٹا کا جائزہ لیا۔ یہ نئی ریکارڈ ساز پرواز انجینوئیٹی کی 19 اپریل 2021 کی پہلی پرواز سے زیادہ طویل تھی۔ پہلی پرواز میں یہ ہیلی کاپٹر 30 سیکنڈ تک محو پرواز رہا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل طویل پرواز 5 جولائی 2021 کو کی گئی تھی جب اس ہیلی کاپٹر نے 625 میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔ انجینوئیٹی ناسا کے پرزیورنس روور پر سوار ہو کر 18 فروری 2021 کو پہلی بار مریخ کی سطح پر اترا۔ خیال رہے کہ کسی دوسرے سیارے پر ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز کے بعد سائنس دان کو یقین نہیں تھا کہ یہ اتنی مدت تک کارآمد رہے گا۔