کیلیفورنیا (پاک صحافت) سماجی رابطے کی سب سے بڑی ایپ فیس بک کے ہر 8 میں سے ایک صارف کا ماننا ہے کہ اس سوشل میڈیا ایپ کو استعمال کرنے سے اس کی نیند، کام، رشتے اور بچوں سے تعلق پر مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ فیس بک کے ایک مبینہ اندرونی سروے کے نتائج پر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دستاویز میں محققین نے بتایا کہ نتائج صارفین کی جانب سے ایپ کے مضطربانہ استعمال کا نتیجہ ہیں جس کو عوامی زبان میں انٹرنیٹ کی لت بھی کہا جاتا ہے۔ یہ انکشاف فیس بک فائلز سیریز کا حصہ ہے جو کمپنی کی اندرونی دستاویزات پر مشتمل ہے جو کمپنی کی سابق ملازمہ فرانسس ہیوگن نے لیک کیے۔
واضح رہے کہ فیس بک کے محققین نے تخمینہ لگایا کہ ان طرح کے مسائل کا سامنا ایپ کے 2 ارب 90 کروڑ سے زیادہ صارفین میں سے 12.5 فیصد یا 36 کروڑ سے زیادہ افراد کو۔ یاد رہے کہ اس سے قبل محققین نے دریافت کیا تھا کہ کمپنی کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کو استعمال کرنے نوجوان صارفین کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔