کیلیفورنیا (پاک صحافت) سماجی رابطوں کی مقبول ترین سائٹس انسٹاگرام اور فیس بک نے اپنے صارفین کو لائکس چھپانے کا اختیار دے دیا، کمپنی انتظامیہ کے مطابق سماجی رابطوں کی ان دونوں ویب سائٹس پر اب صارفین اپنے لائیکس کو چھپا سکیں گے، دوسروں کی پوسٹوں پر بھی صارف کو لائیکس دیکھنے یا نہ دیکھنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انسٹا گرام نے لائیکس چھپانے پر تجربات کا آغاز 2019 سے شروع کیا تھا، جس پر صارفین نے شدید تنقید کی، تاہم اب فیس بک اور انسٹاگرام نے صارفین کو اس کا اختیار دے دیا ہے۔ خیال رہے کہ نیا اختیار ملنے کے بعد اب لوگ خود فیصلہ کریں گے کہ وہ اپنی پوسٹس پر لائکس چھپانا چاہتے ہیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ اس نئے فیچر کے اضافے کے سلسلے میں فیس بک اور انسٹاگرام انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس کی وجہ سے اب صارفین زیادہ پوسٹس ہی نہیں بلکہ ایپ میں زیادہ وقت بھی گزاریں گے۔ نئے فیچر کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس سے فیس بک کی اشتہاری آمدنی میں انسٹاگرام صارفین کے ذریعے مزید اضافہ ہو سکے گا۔