کیلیفورنیا (پاک صحافت) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دس میں پہلی بار آئی فون کی پروڈکشن روک دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی فون کی پروڈکشن روکنے کی بڑی وجہ کورونا وبا کے باعث متاثر ہونے والی سپلائی چین ہے۔ ایک سپلائی چین منیجر کا کہنا ہے کہ اس وقت چپس اور دیگر ضروری اشیا کی سپلائی نہیں ہو پا رہی جس کی وجہ سے آئی فون کی پروڈکشن روکنا پڑی
تفصیلات کے مطابق چین میں توانائی کی کمی بھی 10 سال میں پہلی بار آئی فون کی پروڈکشن میں رکاوٹ بنی ہے۔ خیال رہے کہ یہ ایک ایسا وقت ہے جب پوری دنیا میں کرسمس کی چھٹیوں کی تیاری کی جا رہی ہے، ایسے میں آئی فون کی پروڈکشن بڑھ جاتی ہے اور کارکن اوور ٹائم لگا تے ہیں لیکن رواں سال ایپل کی جانب سے اپنے کارکنوں سے زیادہ کام لینے کی بجائے انہیں چھٹیاں دی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایپل نے آئی فون 13 کی پروڈکشن اکتوبر کے مہینے میں روک دی تھی۔ نومبر میں آئی فون کی سپلائی کو بحال رکھنے کیلئے ایپل نے آئی پیڈ بنانا روک دیے تھے تاکہ آئی فون بنائے جاسکیں۔ ایپل کمپنی سنہ 2021 کے دوران 95 ملین آئی فون 13 بنانا چاہتی تھی لیکن دسمبر کے آغاز تک یہ صرف 83 سے 85 ملین ہی بن پائے ہیں۔