(پاک صحافت) گوگل کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں موبائل ڈیوائسز کے لیے دستیاب سرکل ٹو سرچ فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ جب یہ فیچر آپ کو دستیاب ہوگا تو کسی ویب پیج کے مخصوص حصے کو سرچ کرنے پر سرکل ٹو سرچ اسے ہائی لائٹ کر دے گا۔ امیج سرچ رزلٹس آپ کے سامنے اسی ویب پیج کے ٹیب کے سائیڈ پینل پر نظر آئیں گے۔
اس طرح یہ فیچر گوگل کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں سرچ کرنے کے عمل کو بدل کر رکھ دے گا۔ یعنی اگر آپ کسی ویڈیو میں دکھائی جانے والی کسی چیز کو سرچ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے کلپ کو روک کر گوگل لینس کے ذریعے سرچ کریں اور بس۔ سرکل ٹو سرچ کے ذریعے آپ اس چیز کے بارے میں سب کچھ جان سکیں گے جبکہ مزید تفصیلات کا آپشن بھی سائیڈ پینل کے سرچ باکس میں موجود ہوگا۔
یہ فیچر ابھی کروم 128 بیٹا (beta) میں متعارف کرایا گیا ہے۔ مگر توقع ہے کہ اسے بہت جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ فیچر جنوری 2024 میں اسمارٹ فونز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور ابھی مخصوص فونز پر دستیاب ہے۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس اس فیچر سے ویڈیوز، تصاویر، کسی ایپ یا میسجنگ کے دوران کسی بھی سوال کا جواب جاننا ممکن ہوتا ہے۔ گوگل لینس پر مبنی یہ فیچر بہت جلد کروم کے ڈیسک ٹاپ صارفین کو دستیاب ہوگا۔