کوئٹہ (پاک صحافت) آصف زرداری کا کہنا ہے کہ گیس ہو، پیٹرول یا کچھ اور سب بلوچستان کے عوام کا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کوئٹہ میں منعقدہ یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر خوبی ہے، بلوچستان پاکستان کا دل ہے، افسوس ہے اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کو نظر نہیں آتا کہ دل بلوچستان ہے۔ پاکستان کو آگے لیجانے والے لیڈر کو پیچھے کھینچنے والی بہت سی طاقتیں موجود ہیں۔ آپ کا جذبہ دیکھ کر شعر یاد آرہا ہے زبانِ خلق کو نقارۂ خدا سمجھو۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے دل پر زخم لگا ہوا ہے، ہم نے اپنے دور میں اس پر کچھ مرہم رکھا تھا، بلوچستان میں موجود ہر چیز کسی اور کی نہیں آپ کی ہے۔ ہمارے پاس ملکی مسائل کے حل کیلئے فارمولے ہیں، میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بن کر پرچم اونچا کیا، آج لوگ بلاول بھٹو کو اس کی اپنی شناخت سے جانتے ہیں، ہم نے ہر موسم میں بلاول بھٹو کی سپورٹ، تربیت کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کم از کم تنخواہ 35 ہزار کی، میرے پاس ایک سرمایہ کار آیا جس نے کہا آپ نے زیادتی کردی، ہماری یہی سوچ ہے کہ ہم نے پاکستان بنانا ہے، میں نے، بلاول نے، آصفہ بھٹو نے اور آپ نے ملکر پاکستان بنانا ہے، ہم دنیا کے نقشے پر عظیم ملک بن کر ابھریں گے، دنیا بھی کہے گی پاکستان ایک عظیم ملک ہے۔