اسلام آباد (پاک صحافت) دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو ملک اور معیشت کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، عسکری اور سول قیادت نے دہشتگردی کے خطرات کے باوجود عاشورہ پر بہترین کام کیا۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر روز ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں، یہ سب پاکستان کی حفاظت اور بقا کیلئے جانیں دے رہے ہیں۔
دانیال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ یہ اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پر ان کی عظیم قربانیوں کا مذاق اڑایا جاتا ہے، وطن کے محافظوں اور جانثاروں کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش کی جا رہی ہے اور شہدا کی قربانیوں کو ضائع کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ دنیا میں کوئی ایسی جماعت نہیں ملے گی جو اس قسم کی مہم چلائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادراوں، عسکری اور سول قیادت نے عاشورہ پر بہترین کام کیا حالانکہ محرم کے دوران دہشت گردی کے بہت زیادہ خطرات تھے۔ 4 سال ملک کو معاشی ابتری کا شکار کیا گیا، دو سال پہلے تک پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں، مگر آج ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے۔