کوہاٹ (پاک صحافت) کرم امن معاہدہ جرگہ ختم ہوگیا ،جرگے میں امن معاہدہ پر عمل درآمد کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا کہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں فریقین کی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جرگہ کی اگلی بیٹھک کا اعلان مشاورت کے بعد ہوگا، کرم مسئلہ نفرت کا نتیجہ ہے، ہم نے اسلامی تعلیمات بھلا دی ہیں،ہم سب اپنا نقصان کر رہے ہیں،جرگہ تب کامیاب ہوگا جب ہم نفرتیں ختم کریں۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے، انسان کا قتل ناقابل معافی ہے، ہم اپنے بچوں اور عورتوں کو قتل کرتے ہیں، باہر سے کوئی نہیں آسکتا، ہم سب ایک دوسرے کے دشمن بنے ہیں۔ سوشل میڈیا کا نفرت پھیلانے میں بڑا کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کُرم امن معاہدے پر پورے ملک نے سُکھ کا سانس لیا، لیکن شرپسندوں کو امن منظور نہیں، شرپسندں کو سامنے لانا ہوگا، حکومت کُرم میں مکمل امن چاہتی ہے۔ دوسری جانب چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ حکومت اور عمائدین کرم دونوں کو کردار ادا کرنا چاہیے، امن ہر صورت قائم ہوگا، کُرم کے لیے ریلیف پیکیج منظور کر رہے ہیں، شرپسند رکاوٹ ڈالیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔