کرم تنازع میں اہم پیش رفت، دونوں فریقین کا گرینڈ جرگہ طلب

کرم جرگہ

پشاور (پاک صحافت) کرم تنازع میں اہم پیش رفت، دونوں فریقین کا گرینڈ جرگہ طلب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کل کمشنر ہاوس کوہاٹ میں جرگہ ہوگا، جرگہ میں دونوں فریقین کے عمائدین اور امن کمیٹی کے ممبران شریک ہوں گے، جرگہ میں آئی جی کے پی ذوالفقار حمید ،کمشنر کوہاٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جرگہ میں کرم امن معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا ، جرگے میں ٹل پاڑہ چنار روڈ کھولنے کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا، جرگہ میں اسلحہ جمع کرانے اورمزید بنکرز گرانے کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بگن بازار میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کے حوالے سے بھی گرینڈ جرگہ کو آگاہ کیا جائے گا، گرینڈ جرگہ کو کرم میں بھیجنے والی امداد سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے بھی بریف کیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت دونوں فریقین شرپسندوں کی جانب سے نقصان پہنچانے کی صورت میں حکومت کا ساتھ دینے کے پابند ہیں، فریقین امن معاہدے کے تحت شرپسندوں کے خلاف کارروائی سے بھی حکومت کو نہیں روکیں گے، امن معاہدے کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے