اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوگئے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق اب سے ککچھ دیر قبل سندھ ہاؤس میں ہونے والے اپوزیشن کے اجلاس میں عامر لیاقت حسین بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہاوس اجلاس میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان میں عامر لیاقت بھی شامل تھے اور اس کے علاوہ منحرف رکن جویریہ ظفر آہیر، نور عالم خان، راجہ ریاض، رمیش کمار ، نواب شیر، فرخ الطاف بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ فرخ الطاف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے کزن ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تحریک انصاف کے مزید تین اراکین اپوزیشن میں جانے کےلیے تیار ہیں جب کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں اس وقت 199 ارکان قومی اسمبلی موجود ہیں جس میں تحریک انصاف کے 22 منحرف اراکین سمیت سابق حکومتی اتحادی اوراپوزیشن جماعتوں کے ایم این ایز شامل ہیں۔