کراچی (پاک صحافت) وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود کی ملاقات ہوئی ہے۔ مراد علی شاہ نے دورانِ ملاقات کہا ہے کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ نوجوانوں کو آگے لایا جائے، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت سندھ کے نوجوانوں کو بھی بہتر نوکریاں اور وزٹس کا موقع دیا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کی ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہم اپنے نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے آراستہ کر کے دنیا بھر میں بھیجنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب وزیرِ اعظم نے لانچ کیا ہے، یوتھ حب میں پبلک پرائیویٹ سیکٹرز روزگار مہیا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہنرمند نوجوانوں کو دنیا بھر بھیجنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور سندھ حکومت کے محکمۂ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے درمیان رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ رابطہ کاری کے ذریعے صوبے کے نوجوان مختلف ممالک روزگار، وزٹس، تعلیم کے لیے بھیجے جائیں گے۔