اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں مسلم ورلڈ لیگ کی حمایت کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے اس اشتراک کی پائیداری اور افادیت کو اجاگر کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ کانفرنس سے عالمی سطح پر پیغام جائے گا کہ مسلم دنیا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم نے عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے میں تنظیم کے تعاون کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا اور کہا امید ہے کہ مسلم دنیا کا یہ اہم منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل بالخصوص سیرت میوزیم کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گا۔ سیکرٹری جنرل نے بین الاقوامی کانفرنس کے شاندار انتظامات اور تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، سیکرٹری جنرل نے مسلم دنیا کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔