اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان عید الاضحی کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملیشیا کے عوام کی خوشیوں اور خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملائیشین وزیراعظم کی قیادت میں فلسطینی کاز پر ملائیشیا کے اصولی اور مستقل مؤقف کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنے اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جو کہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں اور اعلی سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔