ملک کو اب کسی سیاسی نہیں معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال

احسن اقبال

لاہور (پاک صحافت) احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو اب کسی سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ جمہوریت یہ نہیں کہ نفرتیں پیدا کریں ملک تب ترقی کرتا ہے جب مثبت قوت ابھرتی ہے، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صورتحال کو بہتر کرنے کےلیے خلوص نیت سے کام کریں گے، دوسرا فریق ڈائیلاگ کرے گا تو اچھے نتائج نکل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی جنگ کا سامنا ہے ، گزشتہ حکومت دہشت گردی ملک میں داخل کر گئی ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس ہوگا ، دہشتگردی سے ایسے نمٹیں گے جیسے2017-2013 میں نمٹے تھے، دہشت گردی کو شکست دیں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں کہیں سے مداخلت ہوگی تو فوج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، قربانیوں اور جدوجہد سے امن کو واپس لے آئیں گے، ماضی میں مجھے انتہا پسندی کا نشانہ بنایا گیا، ہمیں نفرت کی گولیوں کو ختم کرنا ہوگا، نفرت کی گولی انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی نظریات اور کلچر مختلف تو ہوسکتا ہے لیکن بطور پاکستانی برابری کی بنیاد پر ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینی ہے، ہمیں ایک قوم بن کر سوچ کو یکجا کرنا ہوگا ، نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے ، 2047ء میں بھارت و پاکستان آزادی کا سو سال کا جشن منائیں گے تو اس وقت ہمارے لئے بڑا سوال ہوگا کہ نوجوان نسل سرخرو یا فخر کرے گی؟۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے