لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی بس سروس کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے الیکٹرک بس میں سواری کی اور تفصیلی معائنہ بھی کیا، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای وی بس کے بارے میں وزیراعلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکٹرک بس میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر، وائی فائی، یو پی ایس پورٹ اور دیگر سہولیات موجود ہیں، الیکٹرک بس میں 30 نشستیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ہوگی، الیکٹرک بس میں خصوصی افراد کے لئے ریمپ اور نشستیں مخصوص ہوں گی ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب کو بتایا گیا کہ پہلی بار میں بس مسافروں کے تحفظ کے لئے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے، مکمل الیکٹرک بس کے لئے نو مخصوص چارجنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ایک بار چارجنگ کے بعد بس 250 کلومیٹر فاصلہ طے کرسکے گی، بس میں مسافروں کی سہولت کے لئے روٹ ڈسپلے بھی نظر آئے گا۔
الیکٹرک بس میں خواتین کے لئے الگ فی میل سیکشن ہوگا، ہراسانی کے واقعات کے سد باب کے لئے کیمرے بھی نصب ہوں گے، لاہور کے سب سے بڑے طویل ترین 21 کلو میٹر روٹ پر 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، الیکٹرک بس ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن براستہ کوئینز روڈ، مزنگ، فیروزپور روڈ، کیمپس پل اور اچھرہ کینال نہر چلے گی۔