اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کسی صورت ریڈ زون میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے حکومت چھوڑنے کی ہدایت کردی تھی، شہباز شریف کی بطور وزیراعظم الوداعی تقریر بھی تیار تھی مگر عمران خان کے مارچ کے اعلان کے بعد نواز شریف نے فیصلہ تبدیل کیا۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پریڈ گراؤنڈ میں دھرنے کا شوق پورا کرلیں، انہیں ریڈ زون میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کے نام کا اعلان آخر کے دو سے تین ہفتوں میں ہوجائے گا، الیکشن آئندہ برس اکتوبر میں ہی ہوں گے، بجلی کی قیمت میں کمی کا منصوبہ ہے مگر فوری عملدرآمد ممکن نہیں ،صوبوں نے غیر آئینی کام کیا تو گورنر راج کا آپشن موجود ہے۔