اسلام آباد (پاک صحافت) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عدالت سے گزارش ہے کہ 9 مئی مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت حملے کئے گئے، 9 مئی کو پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازش کی گئی، انتشار پسند اور فتنہ پھیلانے والے ٹولے نے حملے کیے، ذاتی مفاد کیلئے ملک کے خلاف سازش کی گئی، قوم کو یاد دلائیں گے کون لوگ تھےجو حملہ آور ہوئے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو کچھ لوگ ملک میں آگ لگانا چاہتے تھے، سیاسی مقاصد کی خاطر یادگار شہداء کو نقصان پہنچایا گیا ہمارے افسران کی بہادری کی دشمن بھی تعریف کرتا ہے، آپ کا مقصد انتشار اور فتنہ پھیلانا تھا، 9 مئی کو جان قربان کرنے والے شہداء کی بے حرمتی کی دہشت گردوں نے جناح ہاؤس کو آگ لگائی۔
انہوں نے کہا کہ کل 9 مئی کے دلخراش واقعے کو ایک سال مکمل ہوجائے گا، اس ملک کی سالمیت سے ہمارا سب کچھ جڑا ہے، اقتدار سنبھالنے کے بعد دوست ممالک سے تعلقات بحال کیے، انشاءاللہ اب ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پاکستان ہمارے بڑوں کی قربانیوں کا حصول ہے، اس ملک کی سالمیت سے ہمارا سب کچھ جڑا ہے۔