اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری فریم ورک سے 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوگی، شراکت داری کا فریم ورک 10 سال پر محیط ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک نے ہائیڈل، توانائی اور اداروں میں اصلاحات سمیت کئی شعبوں میں تعاون کیا ہے۔ آج ہونے والی اصلاحات دہائیوں پہلے ہونی چاہیے تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عالمی بینک کا پاکستان کے سسٹم پر اعتماد ہے، اس نے پاکستان کے ہر شعبے میں تعاون کیا، شراکت داری فریم ورک سے آئی ٹی کے شعبے میں بھی ترقی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے سے فنڈز تعلیم، صحت اور دوسرے شعبوں کے لیے میسر ہوں گے، ہم مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔