پشاور (پاک صحافت) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کا افغانستان میں وفد بھیجنا غیرسنجیدہ گفتگو ہے، ہمارے ملک میں دہشت گردی کیلئے افغان سر زمین استعمال ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کئی بار افغان حکومت کو بتا چکے لیکن ان کی کوئی سنجیدگی نظر نہیں آتی، صوبائی حکومت کا وفد افغانستان جارہا ہے، کیا پولیٹیکل فورسز کو آن بورڈ لیا ہے؟ کیا صوبائی حکومت نے اپنی پارلیمنٹ کو آن بورڈ لیا ہے؟ یہ ٹھیک ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر دہشتگردی کی لہر شروع ہوئی ہے، میں کافی عرصے سے کہہ رہا تھا کہ دہشتگردی ہے لیکن کوئی مان نہیں رہا تھا۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ ڈی آئی خان سے کوہاٹ اور کرم تک ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے، صوبائی حکومت کئی مہینوں سے 25 کلو میٹر روڈ نہیں کھول سکی، ان کی سنجیدگی نہیں، وزیراعظم سے میری بات ہوئی، انہوں نے کہا ہے کہ پشاور آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پی ٹی آئی کو ٹھیکے پر نہ دیں، آپ بھی وہاں کا دورہ کریں، پہلے بھی یہ لوگ افغانستان گئے تھے، 40 ہزار ملیٹنٹ لے کر آئے تھے، 2013 میں انہی لوگوں کو پُرامن صوبہ حوالے کیا گیا تھا۔