راولپنڈی (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ایک ساتھ جلسے کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کا وقت ضائع کررہے ہیں، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اپنے مسائل خود حل کرلے گی، میں مولانا کا احترام کرتا ہوں، وہ بند گلی میں جارہے ہیں، ان کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا، ان سے کہتا ہوں کہ وہ مدرسے کے بچوں کو پڑھنے دیں، اور آئیں ہم ایک ساتھ اسرائیل کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کی آذادی کیلئے جلسے کریں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی اس لیے زیادہ ہوئی کہ چوروں نے بہت زیادہ لوٹا، شیخ رشید ماضی میں ایسے معاہدے کیے گئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑی، شیخ رشید رواں سال ہی مہنگائی اور بے روزگاری کو کنٹرول کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں وقت سے پہلے بات کرتا ہوں اور لوگ مذاق اڑاتے ہیں، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا پی ڈی ایم والے استعفے نہیں دیں گے، ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ پی ڈی ایم ایکسپوز ہوجائے، پی ڈی ایم کو کچھ نہیں ملے گا، وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے، اب تو بلاول زرداری بھی کہتے ہیں کہ عدم اعتماد لائیں گے، میں ان سے کہتا ہوں کہ عدم اعتماد ایک دفعہ نہیں سو دفعہ لائیں، پی ڈی ایم سے کہتا ہوں آئیں لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں، آپ کا استقبال کریں گے، لیکن وہ اسی طرح آئیں جس طرح الیکشن کمشین کے سامنے آئے اور بندے اپنے لائے۔