اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایسا نظام متعارف کروایا ہے جس سے بدعنوانی کی نذر ہونے والا پیسا دوبارہ خزانے میں آئے گا، نیا نظام شفافیت اور بروقت انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نے کیس اسائنمنٹ اینڈ منیجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہمارا نظام انحطاط کا شکار رہا، جدید ٹیکنالوجی کے فقدان سے کھربوں روپے کی رقم دہائیوں سے رکی ہوئی تھی، 11 ماہ میں خامیاں دور کرنے پر توجہ دی ہے، کھربوں روپے کے مقدمات ٹریبونلز، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں، واجب الادا ٹیکس کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیر قانون اور ان کی ٹیم کو کیس اسائمنٹ اینڈ منیجمنٹ سسٹم کی تیاری اور شفاف و فوری انصاف کی فراہمی کے اقدامات پر مبارک باد دیتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سسٹم کی تیاری وقت کی اہم ضرورت تھی، اس سے پہلے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ایف بی آر میں لگایا گیا تھا، مقدمات کی تفویض اور انتظام کا جدید نظام وقت کا تقاضا تھا، نیا نظام شفافیت اور بر وقت انصاف کی فراہمی میں کردار ادا کرے گا، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پھر سیمنٹ انڈسٹری میں لگایا گیا، نظام کے اجراء میں تعاون پر کینیڈا اور اقوام متحدہ کے مشکور ہیں، پاکستان بھر میں سائلین اور درخواست گزار شفاف اور تیز تر انصاف کے خواہاں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کروانے کا مقصد واجب الادا ٹیکس کا حصول تھا، بدقسمتی سے ماضی میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا استعمال درست انداز میں نہیں کیا گیا، ہم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو ازسر نو شروع کیا۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ نئے نظام کے تحت سندھ ہائیکورٹ نے ایک دن میں 24 ارب کے کیسز کے فیصلے کیے، یہ رقم اب قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی، وقت آگیا ہے کہ ایسی مزید رقوم کو قومی خزانے میں واپس لایا جائے۔