اوورسیز پاکستانی ہمارے سفیر، ملکی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔ شہباز شریف

شہباز شریف

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی شبانہ روز محنت سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیرمقدم کرتے ہیں جو اپنی محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے عزم اور محنت کی بدولت پاکستان کے لیے ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں، بیرون ملک سے تربیت حاصل کر کے آپ ملک کے لیے بہترین خدمات انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے تجربے سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسرنہیں چھوڑے گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2018 تک پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل صفایا ہو گیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزارشہادتیں ہوئیں، 80 ہزار شہادتوں میں عام شہری بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے دلیر افسروں، جوانوں اور ان کے بچوں نے بھی قربانیاں دیں، بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے دہشت گردوں کو پاکستان آنے دیا، اس سے زیادہ پاکستان دشمنی کوئی نہیں ہوسکتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے