اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ کی مدد سے دہشتگردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا قومی ایجنڈا ہے، قوم وطن پر قربان ہونے والے مجاہدوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے بیٹے وطن کے دفاع اور سلامتی کیلئے جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ آج بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کے حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ دہشتگردوں نے ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر پر جلگئی سیکٹر میں حملہ کیا تھا۔