اسلام آباد (پاک صحافت) فتنہ الخوارج دہشت گردوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہ عالمی امن کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کے کمانڈر رحیم اللہ عرف شاہد عمر کا افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ہلاکت پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے کیونکہ وہ سرحد پار دہشت گرد حملوں میں شدت لانے میں بڑا کردار ادا کر رہا تھا۔
خوارجی شاہد عمر کی موت جو غالباً اندرونی اختلافات یا ایک کروڑ انعامی رقم کے نتیجے میں ہوئی، فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کی اندرونی ٹھوٹ پھوٹ کو ظاہر کرتی ہے جو لالچ اور طاقت کی مسلسل کشمکش سے جنم لے رہی ہے۔
افغان طالبان کے فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی دہشت گردوں کو پناہ دینے کے انکار سراسر جھوٹ پر منبی ہیں اور خوارجی شاہد عمر کی افغان سرزمین پر موجودگی افغان طالبان کی دہشت گردی کی حمایت اور شراکت داری کو بے نقاب کرتی ہے۔
فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو پناہ دے کر افغان طالبان خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوت میں تبدیل ہو چکے ہیں جو نہ صرف پاکستان کی سلامتی بلکہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔