آستانہ (پاک صحافت) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کرکے پاکستانی طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان کے درالحکومت آستانہ میں ہونے والی ملاقات میں بشکیک کے حالیہ واقعات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اہم ملاقات میں کرغزستان میں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی بنیادی تشویش اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ ہے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ سے پاکستانی طلبہ پر حملوں کے ذمہ داروں کے محاسبے کا مطالبہ بھی کیا۔
کرغز وزیرخارجہ نے فسادات کے مرتکب افراد کو ملکی قانون کے تحت سزا دینے کی یقین دہانی کرا دی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اس سلسلے میں قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس قازقستان میں ہورہا ہے، اس لئے دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات آستانہ میں ہوئی۔