اسلام آباد (پاک صحافت) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی ایک بار پھر حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا آٹھواں اجلاس ہوا، جس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ نگراں وفاقی کابینہ، وزرائے اعلی اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق مختلف وفاقی وزارتوں نے اجلاس کے شرکاء کو اہم شعبوں میں منصوبوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے اقدامات پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ایس آئی ایف سی کے مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔