اسلام آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات میں دشمن انٹیلی جنس ایجنسیز ملوث تھیں جس کے ثبوت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر وزیراعظم رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سیاست مخالف کی رائے کا احترام کرنے کا نام ہے، ہمارا عدالتی نظام کسی کو سزا دینے کے قابل نہیں ہے، 9 مئی واقعات سے متعلق کسی کو بھول ہے کہ کس نے کئے ہیں، سب کو نظر آرہا ہے 9 مئی واقعات کس نے کئے ہیں، مجرم آپ کے سامنے ہے، عدالتی نظام میں کیس دائر کرنے کے بعد اسٹے آجاتا ہے۔
راناثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ میں 3 دن میں سزائیں دی گئیں، یہاں 30 دن میں وکیل پیش نہیں ہوتا، فرق دیکھنا چاہیے کون سسٹم درست کرنا چاہتا ہے کون خراب کرکے ملک کا بھٹہ بٹھانا چاہتا ہے۔ حسینہ واجد فرار نہ ہوتی تو کچھ نہ ہوتا، فوج حکومت سے الگ نہ ہوتی تو کچھ نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات میں دشمن انٹیلی جنس ایجنسیز ملوث تھیں، ثبوت ہیں، اب سپریم کورٹ نے سب کرنا ہے، تحقیقات بھی انہوں نے کرنی ہیں، آئین میں ترمیم سپریم کورٹ نے کرنی ہے تو فوجی عدالتوں کا بھی فیصلہ کردیں، اگر سپریم کورٹ نے انہیں بری کرنا ہے تو کردیں، ہم بالکل بے بس نہیں، اپنے حصے کا کام کرنے کو تیار ہیں۔