اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کے 500 یونٹ تک صارفین کو ریلیف پر غور، آرمی چیف اور اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان چین فرینڈ شپ سینٹر میں قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپہ سالار کی پرجوش، ایمان افروز اور دلوں کو گرما دینے والی تقریر کے بعد مزید کسی اضافے کی ضرورت نہیں کہ انہوں نے قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں جامع گفتگو کی، وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، میں علمائے کرام کی رہنمائی پر چلنے والا انسان ہوں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سپہ سالار پاکستان آرمی جنرل عاصم منیر، انتہائی لائق احترام علما و مشائخ کو میرا سلام، آج سپہ سالار کی گفتگو دنیا کے خالق و مالک کا بتایا ہوا راستہ ہے، یہ اگست کا مہینہ ہے، 14 اگست 2024 کو ہم 77ویں یوم آزادی جوش و خروش منارہے ہوں گے۔ آزادی کے لیے ہمارے آباؤ اجداد، علما اور رہنماؤں نے قائداعظم کی سربراہی میں عظیم تحریک چلائی، لاکھوں لوگوں نے خون کے دریا عبور کیے تب جاکر پاکستان وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے 40 سالہ سیاسی کیریئر کی روشنی میں بات کہنا چاہتا ہوں، سیاسی حکومت اور اداروں کے درمیان ایسا تعاون پہلے کبھی اپنے سیاسی کیریئر میں نہیں دیکھا، سپہ سالار اور سیاسی حکومت پاکستان کے بہترین مفاد میں کام کررہے ہیں، ہمارا اشتراک قابل دید اور آئندہ کیلئے رول ماڈل ہے، آج پاکستان کو سنگین معاشی حالات درپیش ہیں۔