لاہور (پاک صحافت) ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم آئین کو درست سمت ڈالنے کا پہلا قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے اس حوالے نہایت شاندار کام کیا جب تک سیاست دان اپنی اپنی پسند کے ججز کو لے کر اعتراضات کرتے رہیں گے معاملہ حل نہیں ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی کے 26 آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے کے حوالے سے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ترمیم میں اعلی عدلیہ ججز کی تقرری کو شفافیت دی گئی ہے، ججز کی تقرری کا نظام بہتری کی جانب ہوگا۔
ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم آئین کو درست سمت ڈالنے کا پہلا قدم ہے، چند چیمبرز سے ججز لینے کی بجائیں ہم کسی شخص کی ذات پر نہیں جج صاحبان کے فیصلوں پر تنقید کرتے رہے ہیں، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پر عام انتخابات کے دوران بلے کا نشان واپس لینے پر تنقید کی گئی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف چار سال تک فارن فنڈنگ کیس کو التو میں ڈالتی رہی، تحریک انصاف پارٹی الیکشن میں اس لیے التو کررہی تھی کہ فارن فنڈنگ میں آنے والے چندے کا حساب نہ دینا پڑے، سپریم کورٹ کے آٹھ جج صاحبان کو بلے کے نشان کے حوالے سے دیئے جانے والے اپنے فیصلے کے دوران اس نکتے کو بھی سامنے رکھنا چاہیے تھا۔