(پاک صحافت) فیصل واوڈا نے 24 نومبر کو احتجاج کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ ساری ڈرامے بازی بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہو رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ ہر ماہ کال تبدیل ہوتی رہتی ہے، احتجاج کرنا ہے تو آپ اپنے بچوں کو بھی لے آئیں، اگر 6 سے 8 ہزار لوگ آئے بھی تو ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بانیٔ پی ٹی آئی کی آخری کال ہے، 24 نومبر کو احتجاج کی کال کیوں دی گئی ہے؟ 25 نومبر کو بانیٔ پی ٹی آئی پر فردِ جرم عائد ہونی ہے اس لیے 24 کو احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ فیصل واؤڈا نے کہا کہ اسمبلیوں کو آگے بڑھ کر ان مداخلتوں کو روکنا پڑے گا، انڈر گراؤنڈ تو بات ہو رہی ہے، پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی نیچے گر چکی، یہ بانیٔ پی ٹی آئی کی تکلیفیں بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کا ترجمان نہیں ہوں، فیض حمید کی چیزیں بھی تیز چل رہی ہیں، مچھ جیل کو نہ بھولیں، ہاؤس اریسٹ کو بھی نہ بھولیں۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ گنڈاپور کس کا پیغام لے کر گئے؟ یہ سب پیروں میں پڑے ہیں، ابھی بھی ڈائیلاگ بازی ہو رہی ہے اور کم عقل حکومت کنٹینر لگا کر انہیں کامیاب کر رہی ہے۔ فیصل واؤڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پرانا ورکر رہ چکا ہوں، خواہش ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے جیل میں رہتے ہوئے ان کی پارٹی فائدہ نہ اٹھائے اور نہ پیسے بنائے، بانیٔ پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے اب ان کے پاس کوئی نہیں بچا، غریبوں کو مروانے کے لیے یہ مل کر ڈراما کر رہے ہیں۔