شکرگڑھ (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 2018 میں سازش سے ملک کو ایک اناڑی شخص کے حوالے کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے عزیز ملک چین پر کرپشن کے بے بنیاد الزام لگائے، بانی پی ٹی آئی نے 4 سال میں مخالفین پر مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالا، سڑکوں پر ہنگاموں اور عوام کو مشتعل کر کے سرمایہ کاروں کو بھگایا جارہا ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیاں، سیاست، لانگ مارچ کے بجائے سر جوڑ کر ملکی مسائل کا حل نکالیں، جماعت اسلامی کو معلوم ہے اصلاحات، اقدامات کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں، بجلی بحران کی وجہ کرنسی کی گراوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی معاشی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے انتشار سے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، 2013 کے بعد انہی کرداروں نے تشدد اور بدامنی کو پھیلایا، آج بھی کچھ کردار چینی سرمایہ کاروں کو بھگانے کے لیے سرگرم ہیں، سازش کے تحت گوادر اور ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرے کرائے جارہے ہیں۔