اسلام آباد (پاک صحافت) حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ بارہ اکتوبر کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا اور یاد کیا جائے گا۔ جس دن ایک ڈکٹیٹر نے منتخب وزیراعظم کو ہتھکڑیاں پہنائی۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر 1999 کو ڈکٹیٹر مشرف نے منتخب وزیراعظم اور منتخب پارلیمنٹ کو گھر بھیج دیا تھا۔ ملک میں مارشل لاء نافذ کر کے آئین کو معطل کیا گیا جس کی وجہ سے آئینی اور انسانی حقوق معطل ہوگئے۔
جے یو آئی رہنما حافظ حمداللہ کا مزید کہنا تھا کہ بیک وقت پارلیمنٹ، منتخب حکومت، آئین اور عوام کے ووٹ کی توہین کی گئی، جس ڈکٹیٹر نے کیا اس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سیٹھ وقار کا فیصلہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر مشرف نے میڈیا کی آزادی سلب کی اور نیب جیسے انتقامی ادارے کو جنم دیا۔