اسلام آباد (پاک صحافت) یوسف رضا گیلانی، عبدالغفور حیدری اور نزہت صادق سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی نشست سے اپنا استعفی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کردیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کا استعفی منظور کرلیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی سینیٹر نزہت صادق نے سینیٹ کی نشست سے استعفی دے دیا۔ سینیٹر نزہت صادق نے اپنا استعفی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کیا جسے انہوں نے منظور کر لیا، نزہت صادق نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری بھی سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے۔ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی اپنا استعفی چیئرمین صادق سنجرانی کو پیش کیا جسے انہوں نے منظور کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔اس کے بعد مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔