ہنگو (پاک صحافت) خیبر پختون خوا کے کوہاٹ ڈویژن کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ ڈی پی او ہنگو کے مطابق تھانہ دوآبہ کی حدود میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ہنگو نے بتایا کہ دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گر گئی، 30 سے 40 افراد چھت کے ملبے تلے دب گئے۔ ڈی پی او ہنگو کا کہنا ہے کہ پولیس، ریسکیو اہلکار اور اہلِ علاقہ موقع پر موجود ہیں، ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملبے سے 3 افراد کی لاشوں اور 12 زخمیوں کو نکال کر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، باقی افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
Short Link
Copied