اسلام آباد (پاک صحافت) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نہیں سمجھتے کہ ٹرمپ کے آنے سے پاکستان کی سیاست کے اندر کوئی زلزلہ آجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اور ہمیشہ رہا ہے۔ دنیا کی قیادتیں بدلتی رہتی ہیں، صدور آتے رہتے ہیں۔ ممالک کے تعلق ممالک سے ہوتے ہیں افراد سے نہیں ہوتے۔
ذرائع کے مطابق عرفان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے سے پاکستان کی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کی میڈیا پر خبر چلتے ہوئے ابھی دیکھی ہے جو بالکل بے بنیاد ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی آئی کا مسودہ سات جماعتوں کے ساتھ اسی دن شیئر کر دیا تھا۔ ہمارے اتحادی ابھی اپنی لیڈرشپ کے پاس گئے ہیں اور آپس میں مشاورت کر رہے ہیں، مشاورت کے بعد ہماری ذیلی کمیٹی بنی ہے جس کی آپس میں ایک میٹنگ ہوگی۔