فیصل آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے پی ڈی ایم سے متعلق اختلاف کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے متحد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں لاقانونیت ،مہنگائی عروج پر ہے یہ حکومت بجلی بلوں میں10فیصدٹیکس لگانے لگی ہے اب اس حکومت کا جانا بہت ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ن لیگ کیساتھ صرف استعفوں کے معاملے پر اختلاف ہے ہمیں استعفے دینے پر نہیں بلکہ اس کے وقت پر اعتراض ہے۔ پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ ن لیگ عدم اعتماد کے بجائے ڈائریکٹ استعفے چاہتی ہے۔
واضح رہےکہ قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آسانی سے عدم اعتماد لاسکتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں حکومت بری طرح بے نقاب ہوئی، پنجاب میں 30 ایم پی ایز اپنی حکومت کے خلاف ہیں۔ راولپنڈی جلسے سے متعقل گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی پی نے فیصلہ کیا تھا ذوالفقار بھٹو کی برسی پنڈی میں منائیں گے، راولپنڈی میں جلسے کا فیصلہ بلاول بھٹو خود کریں گے ہماری خواہش تھی 4 اپریل کو بڑا اجتماع کریں جو صورتحال نظر آرہی ہے کچھ تعطل نظر آرہا ہے ۔