اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم آخری گیند تک کھیلیں گے، حمزہ شہباز ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے، ہم انتخابات چاہ رہے تھے ہم راہ فرار اختیار نہیں کر رہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے اپنے لوگوں کا ریٹ فکس کر لیں جب بکتے ہیں پی ٹی آئی والے ہی بکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے کہا تھا لاہور بیٹھوں گا وہی بیٹھے ہیں، عمران خان نے خود سکھایا ہے کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو پرویز الہیٰ ہے، پی ٹی آئی والے تذبذب کا شکار ہیں کہ کیسے پرویز الہیٰ کو ووٹ دیں۔
واضح رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ان کے ممبران کو 25 کروڑ میں خریدا جا رہا ہے اور کچھ کہتے ہیں 40 کروڑ روپے میں خریدا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل جہموریت کی جیت ہوگی، پنجاب کی نمبر گیم کا کل پتہ چل جائے گا، پنجاب میں لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، رات تک بہت کچھ واضح ہوجائے گا۔