اسلام آباد (پاک صحافت) خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ایک سال میں مہنگائی کم کرنے کا سسٹم ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب نے میثاق جمہوریت کے بعد بھی معاہدے کی بہت خلاف ورزی کی۔ الیکشن اس سے پہلے بھی دسمبر اور رمضان میں ہوئے ہیں، جنوری کے آخری ہفتے کا کہا گیا بہتر ہوتا کہ تاریخ دے دیتے۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دے دیتے تو شکوک اور شبہات جنم نہ لیتے، 2014ء میں ہم نے میثاق جمہوریت کا پاس رکھا اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے جمہوریت کا دفاع کیا۔ سب کو حق ہے کسی کے ساتھ بھی اتحاد کرے، ہم لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیمیں اس وقت صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چل رہی ہیں، یہ زیادتی ہے کہ نگراں حکومت آتے ہی سندھ میں ترقیاتی کام روک دیے گئے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ اس لیے ن لیگ سے مانگ رہے ہیں کہ ان کے 7 سینئر اور ایکٹیو ممبر بیوروکریسی میں ہیں۔