اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکوت نے ہچکولے کھاتی معیشت کی کشتی کو ڈوبنے سے بچایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کی خدمت دوبارہ سے شروع کی ہے۔ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہمارے دور میں نوجوانوں کیلئے شاندار پروگرام ترتیب دیے گئے، میاں نواز شریف کی سربراہی میں یہ پروگرام بڑی کامیابی سے تکمیل تک پہنچے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آج نوجوان نسل میں زہر بانٹا جا رہا ہے، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ لیپ ٹاپ سے اچھا پروگرام متعارف کرایا جاتا، ہم نے 600 طلبہ کو چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھجوایا، ترک زبان پر عبور حاصل کرنے کیلئے بچوں کو ترکیہ بھجوایا، یہ بچے آج سی پیک پراجیکٹ میں بطور مترجم کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب جیسی قدرتی آفت نے بہت نقصان کیا، 66 اب روپے متاثرین میں 25 ہزار روپے فی کس کیش کی صورت میں دیے، اس کے علاوہ کمبل، خیمے ادویات، پینے کا صاف پانی مچھر دانیاں و دیگر سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔