جامشورو (پاک صحافت) سابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے، جتنا جلدی ہوسکے الیکشن ہوجائے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ختم ہونے کے بعد پہلی مرتبہ حلقے میں پہنچا ہوں، کوشش پوری کی کہ سندھ کے لوگوں کی خدمت کریں، عوام نے ہر وقت محبت دی ہے، ان کے ووٹوں سے اسمبلی میں جاتے ہیں، لوگوں میں حکومتی دور سے زیادہ محبت دیکھی ہے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یہ ہی مطالبہ ہے کہ آئین و قانون کے مطابق الیکشن ہوں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا شیڈول دیا ہے، جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان بھی کرے۔ پیپلز پارٹی کیخلاف اتحاد بنتے رہتے ہیں، ہم پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماوں کی گرفتاریوں کی باتیں صرف میڈیا میں سنتے ہیں، پیپلز پارٹی پوری مضبوطی کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی۔