میاں چنوں (پاک صحافت) پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم تقریبا 12 گھنٹے بعد اپنے آبائی گھر میاں چنوں پہنچ گئے، جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھول نچھاور کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، جہاں قومی ہیرو کے استقبال کے لیے پورا گاؤں امڈ آیا، پھولوں کی پتیاں اور نوٹ نچھاور کیے گئے۔
ارشد ندیم کے گاؤں میں جشن کا سماں بندھ گیا، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جبکہ فضا ارشد ندیم زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے گھر پہنچنے پر جذبانی مناظر دیکھنے میں آئے، ماں نے عظیم سپوت کو گلے لگا کر استقبال کیا، ارشد ندیم والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے، دیکھنے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے، عزیز و اقارب اور خواتین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور گلے لگ کر مبارکباد پیش کی۔