کراچی (پاک صحافت) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خواتین کو مفت مہندی اور چوڑیاں دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری جو اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی عوامی سطح پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور اکثر اوقات عوام میں گھل مل جاتے ہیں اب انہوں نے کراچی کی تمام بہن بیٹیوں کیلئے چاند رات کو مفت مہندی اور چوڑیاں تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ چاند رات کو شہر کی تمام خواتین اور بچیوں کے لیے گورنر ہاؤس کراچی کے دروازے کھلے رہیں گے، اس موقع پر خواتین اور بچیوں کو مفت مہندی لگائی اور چوڑیاں پہنائی جائیں گی، اس کے علاوہ گورنر سندھ نے خواتین کو عید کے سوٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کامران ٹیسوری نے دوران رمضان شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جانے اور سڑک کنارے بیٹھ کر عوام کے ساتھ سحری کرنے اور رمضان المبارک میں 20 لاکھ مستحقین کے لیے راشن دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔