کراچی (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ گرو نانک کی قائم کردہ اقدار سکھ برادری کیساتھ دیگر لوگوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گُرونانک دیو جی کے جنم دن پر پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گُرو نانک کی محبت ، امن اور مساوات پر مبنی تعلیمات بڑی اہمیت کی حامل ہیں، آج کے دور میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے گرو نانک کی تعلیمات کی افادیت برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ گُرو نانک کی بھائی چارے، ہمدردی اور احترام انسانیت پر مبنی تعلیمات اہم ہیں ، گرو نانک کی قائم کردہ اقدار سکھ برادری کے ساتھ دیگر لوگوں کیلئے مشعل راہ ہیں، وہ تمام لوگوں کیلئے بھی بڑی اہمیت کی حامل ہیں جو ایک منصفانہ اور پرامن معاشرہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سکھ ورثہ شاندار اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے، پیپلز پارٹی ملک میں تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے ہی تمام مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے حقوق کی حفاظت کی ہے، تاکہ ہر شہری، چاہے اس کا کوئی بھی مذہب ہو، ملک میں خود محفوظ اور معتبر محسوس کرے۔