اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کا دیرپا فائدہ حاصل کرنے کا طریقہ کار وضع کر رہے ہیں، کوشش ہے کہ موجودہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ معیشت اور عوام کو پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میری ٹائم شعبے میں اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً ساڑھے 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، یہ ایک بڑا ریلیف ہے جو گھریلو اور صنعتی صارفین کو فراہم کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے، اللہ کا شکر ہے ہم نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ہر شعبے کو فائدہ ہوگا، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بہت محنت کی گئی۔